
تھانہ سٹی چیچہ وطنی کے نزدیک اندوہناک قتل، ڈی پی او رانا طاہر رحمان کی بروقت حکمتِ عملی سے مرکزی ملزم وقار دھر لیا گیا
چیچہ وطنی (ملک ندیم ایوب اعوان سے) — تھانہ سٹی چیچہ وطنی کے نواح میں خونریز فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔ مقتول کی شناخت عبدالرزاق ولد غلام حسین، سکنہ 11 ایل کے نام سے ہوئی۔ واردات کی سنگینی اور حساسیت کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رانا طاہر رحمان نے فوری طور پر واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر کارروائی کے احکامات صادر کیے۔
ڈی پی او کی ذاتی نگرانی، مسلسل فالو اپ اور بروقت حکمتِ عملی کے باعث تھانہ سٹی پولیس نے انتہائی پیشہ ورانہ انداز میں ملزم وقار کو نہ صرف گرفتار کیا بلکہ آلہ قتل بھی برآمد کر لیا۔ اس برق رفتاری سے کی گئی کارروائی نے پولیس کی عملی استعداد اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی چاق و چوبند صلاحیتوں کا بین ثبوت فراہم کیا۔
ڈی پی او رانا طاہر رحمان نے اپنے بیان میں واضح ہدایات جاری کیں کہ وقوعہ میں بلواسطہ ملوث تمام اعانت کنندگان، سہولت کاروں اور پس پردہ عناصر کو بھی قانون کی گرفت میں لایا جائے، تاکہ انصاف کے تقاضے پوری طرح پورے ہو سکیں۔
عوامی و سماجی حلقوں نے ڈی پی او کے فوری ردعمل اور مؤثر کمانڈ کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے اسے قانون کی عملداری کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔