چیچہ وطنی: 6 سالہ طالبعلم اُسامہ اسکول کے گٹر میں گر کر جاں بحق
تحصیل چیچہ وطنی کے نواحی علاقے 40/12 ایل میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا، جہاں اسکول کا 6 سالہ طالبعلم اُسامہ اسکول کے احاطے میں موجود کھلے گٹر میں گر کر جاں بحق ہو گیا۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب معصوم اُسامہ اسکول میں معمول کی کلاس کے لیے آیا تھا۔ اسکول کے احاطے میں موجود بغیر ڈھکن کے گٹر پر حفاظتی اقدامات نہ ہونے کے باعث وہ اس میں گر گیا۔ موقع پر موجود عملے کی تاخیر اور ریسکیو میں ناکامی کے باعث بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔
عینی شاہدین کے مطابق اسکول میں صفائی اور حفاظتی انتظامات نہ ہونے کے برابر تھے، جس کے باعث یہ اندوہناک واقعہ پیش آیا۔ واقعے کے بعد بچے کے اہل خانہ اور اہل علاقہ میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔ شہریوں نے اسکول انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کیا اور مطالبہ کیا کہ غفلت کے مرتکب افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔